ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایم پی : ہائی کورٹ نے حکومت کو دیا جھٹکا۔ محکمہ تعلیم میں 27 فیصد او بی سی ریزرویشن پر لگائی پابندی

ایم پی : ہائی کورٹ نے حکومت کو دیا جھٹکا۔ محکمہ تعلیم میں 27 فیصد او بی سی ریزرویشن پر لگائی پابندی

Thu, 18 Nov 2021 21:55:48    S.O. News Service

جبل پور؍بھوپال ، 18نومبر ( آئی این ایس انڈیا ) ایم پی ہائی کورٹ نے محکمہ اسکول ایجوکیشن میں اساتذہ کی بھرتی میں 27 فیصد او بی سی ریزرویشن پر روک لگا دی ہے۔ ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں او بی سی کو 14 فیصد ریزرویشن دینے کی ہدایت دی ہے۔ہائی کورٹ کے چیف جسٹس روی وجے کمار ملی متھ اور جسٹس وجے کمار شکلا کے بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کی۔ قبل ازیں ہائی کورٹ نے ریاست میں 27 فیصد او بی سی ریزرویشن کے نفاذ پر روک لگا دی تھی۔ اس کے بعد بھی ریاستی حکومت نے ہائر سیکنڈری ٹیچر کے عہدوں کے انتخاب میں 27% OBC ریزرویشن اور 10% EWS ریزرویشن لاگو کیا ہے۔

اس کیخلاف راجستھان کے رہائشی درخواست گزار پرول پرتاپ سنگھ سمیت 11 دیگر نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جب ہائی کورٹ نے 27 فیصد او بی سی ریزرویشن پر روک لگا دی ہے، تو ریاستی سرکار اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی تقرریوں میں کیسے ریزرویشن دے سکتی ہے۔

درخواست گزار نے کہا تھا کہ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے ایڈووکیٹ جنرل کی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے سرکلر جاری کیا تھا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جن معاملات میں ہائی کورٹ نے روک لگا دی ہے ان کے علاوہ دیگر محکموں میں 27 فیصد او بی سی ریزرویشن لاگو کیا جا سکتا ہے۔ اس سرکلر کی بنیاد پر پبلک انسٹرکشن کمشنر نے ہائر سیکنڈری ٹیچر کے عہدہ کے انتخاب میں 27 فیصد او بی سی ریزرویشن لاگو کرکے حتمی سلیکشن لسٹ جاری کی ہے۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل آدتیہ سنگھی نے دلیل دی کہ اندرا ساہنی کیس اور مراٹھا ریزرویشن سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے واضح طور پر حکم دیا تھا کہ کل ریزرویشن 50 فیصد سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ OBC ریزرویشن 27% اور EWS ریزرویشن 10% نافذ کرنے سے کل ریزرویشن 73% ہو جائے گا۔ اتنا ذات پات کی بنیاد پر ریزرویشن نہیں دیا جا سکتا۔ریاستی حکومت کے 27 فیصد او بی سی ریزرویشن کیخلاف ہائی کورٹ میں نصف درجن سے زیادہ عرضیاں داخل کی گئیں۔ اس کی سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے او بی سی ریزرویشن پر روک لگا دی ہے۔


Share: